URDU GHAZALS

koi nukhsa na dua detay hain

koi nukhsa na dua detay hain

کوئی نسخہ نہ دوا دیتے ہیں
تم سے پرہیز بتا دیتے ہیں

کتنے سادہ ہیں مرے چارہ گر
درد کچھ اور بڑھا دیتے ہیں

ان کو کیا فکر دیا بجھتا ہے
وہ ہیں غم خوار ہوا دیتے ہیں

شہر آتا ہے مرے پُرسے کو
وہ نہ آتے جو شفا دیتے ہیں

جب بہلتا نہ کسی طور یہ دل
خود کو تیرا ہی دغا دیتے ہیں

رنگ بھرتا ہے تخیل میرا
اشک ظالم ہیں مٹا دیتے ہیں

پوچھوں رنگوں سے جو خواہش انکی 
تیری تصویر بنا دیتے ہیں

ہم ہیں غالب کی طبیعت والے
جس پہ مٹتے ہیں مٹا دیتے ہیں

کون لکھتا ہے ہمیں خط ابرک
خود ہی لکھ لکھ کے جلا دیتے ہیں

………….. … اتباف ابرک